کہانی سانس لیتی ہے
یہ ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔ نام انوکھا نہیں ہے، بس فرق اتنا ہے کہ لوگ کہتے ہیں کہ زندگی سانس لیتی ہے، اور میں کہتی ہوں کہ ہر کہانی سانس لیتی ہے، اور لفظ جو کوئی لکھاری لکھتا ہے وہ صرف اس کا ہنر نہیں ہوتا، بلکہ ہر لفظ میں، ہر فقرے میں ایک زندگی ہے جو سانس لیتی ہے۔
جب میں نے یہ نام سوچا تو میرے ذہن میں صرف ایک خیال تھا کہ مجھے نئے لکھاریوں کی کہانیوں کو پڑھنا ہے، سمجھنا ہے، اور وہ کہنا ہے جو میرے دل میں آئے، اس وقت جب میں ان الفاظ کو، ان کرداروں کو، ان اسباق کو پڑھوں۔
میرا ماننا ہے کہ کہانی صرف کرداروں کا مجموعہ نہیں ہوتی، اس کے ہر لفظ میں، ہر بات میں کوئی نہ کوئی راز، کوئی نہ کوئی منظر، کوئی نہ کوئی سبق پوشیدہ ہوتا ہے۔ بس پڑھنے والے اسے اپنے تجربے کے مطابق کبھی ڈھونڈ لیتے ہیں، اور کبھی وہ الفاظ بے معنی سے ہو کر رہ جاتے ہیں۔
ایسے ہی لفظوں کو معنی دینے کے لیے میں یہ سفر شروع کر رہی ہوں، جس میں مجھے امید ہے کہ آپ سب میرا ساتھ دیں گے۔
میرا نام حرا ناز ہے، اور میں بھی ایک نئی لکھاری ہوں، ایک ایسی کہانی کی لکھاری جو کچھ وجوہات کی بنا پر پوری نہ ہو سکی، لیکن ابھی بھی مجھ میں زندہ ہے، اور میں چاہوں گی کہ وہ آپ سب کے لیے بھی جلد ہی زندہ ہو۔
تو کیوں نہ شروع کریں اپنی پہلی کہانی کے ساتھ، اور دیکھیں کہ ہمارا پہلا لکھاری ہم سے کیا کہنا چاہتا ہے۔

Urdu Novels Review By Hira Naz